ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ بندی کا دعویٰ کر دیا

Trump file photo
کیپشن: Trump file photo

آذربائیجان اور آرمینیا نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کرلیا، امریکا نے دعویٰ کر دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے جنگ بندی معاہدے پر عمل پیرا ہونے پر اتفاق کیا، اس جنگ بندی معاہدے سے بہت سی جانیں بچ جائیں گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سیز فائر ڈیل کروانے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور اپنی ٹیم کے دیگر ممبران پر فخر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیز فائر پر اتفاق ہوا ہے۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان متنازعہ علاقہ نگورونو کاراباخ میں آج سے جنگ بندی معاہدے کا نفاذ ہو گا۔

واضح رہے کہ آذربائیجان نے آرمینیا کے قبضے سے کئی اور اہم علاقے آزاد کرالیے۔ آذربائیجان کی فوج نے مقبوضہ نگورنو-کاراباخ میں آرمینیا کو بری طرح پسپا کر دیا ہے۔ آرمینیا کی فوج خوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹ رہی ہے۔ آذربائیجان نے آرمینیا کی بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک بھی تباہ کر دیئے۔ آذربائیجان کے صدر واضح اعلان کرچکے ہیں کہ مقبوضہ نگورنو -کاراباخ کو آرمینیا سے چھڑوا کر ہی دم لیں گے۔

خیال رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا اس سے پہلے دو بار عارضی جنگ بندی کا اعلان کر چکے ہیں۔ روس کے وزیرِ خارجہ نے جنگ بندی کے معاملے پر آرمینیا اور آذربائیجان کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے گزشتہ ہفتے ہونے والے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کیلئے زور دیا تھا۔

روسی وزیرِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تنازع کے حل کیلئے جامع مذاکرات کی اہمیت پر اتفاق کیا، ناگورنو کاراباخ کے تنازع پر دونوں ممالک کے درمیان جاری جھڑپوں میں اب تک 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پہلے دونوں ممالک جنگ بندی کے اعلان پر قائم نہ رہے اور تھوڑی دیر بعد ہی ایک دوسرے پر حملہ کر دیا تھا۔