لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان ان فٹ ہوگئے اور ان کی زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ان فٹ ہو گئے ۔کرکٹر بائیں پاؤں کی ران میں کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے جس کے باعث 30 اکتوبر کو کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔آل راؤنڈر پاؤں کی تکلیف کے باعث قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے پریکٹس میچ میں پاکستان وائٹس کی قیادت نہیں کر سکے تھے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے شاداب خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا سب سے فٹ کھلاڑی قرار دیا تھا۔اپنے کالم میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا تھا کہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سب سے زیادہ فٹنس پر توجہ دی جس کے مثبت اثرات بھی نظر آنے لگے ہیں، کرکٹرز نے لاک ڈاؤن میں بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے محنت جاری رکھی۔محمد رضوان کی وکٹوں کے درمیان رننگ اس کی ایک مثال ہے۔
دوسری جانب سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، مہمان ٹیم کے مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ مضبوط اور بہتر ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان معین خان نے کہا کہ اصل مقابلہ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم سے ہو گا، جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔
اس سے قبل پاک زمبابوے سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس سیشن کیا۔ قومی ٹیم نے تربیتی کیمپ کے دوران دو انٹرا سکواڈ میچزز کھیلے۔
قومی ٹیم کل اسلام آباد کے لیے راونہ ہوگی، زمبابوے ٹیم کا قرنطینہ کا دورانیہ 27 اکتوبر کو مکمل ہوگا۔ پاکستان اور زمبابوے کی ون ڈے میچز کی سیریز 30 اکتوبر سے شروع ہوگی۔
خیال رہے کہ پاک زمبابوے ٹی 20سیریز 7 نومبر سے پنڈی سٹیڈیم میں شروع ہوگی۔ پاکستان زمبابوے کی ٹی 20 سیریز سموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کی گئی تھی۔