راجن پور: راجن پور میں قانون کی گرفت کمزور ہونے کے باعث سود خوروں نے غریب لوگوں پر زمین تنگ کر دی۔ سود کی رقم نہ ملنے پر مسلح افراد نے غریب محنت کش کے گھر پر دھاوا بول دیا۔
مسلح افراد نےخواتین کے ساتھ مار پیٹ، زیادتی اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر خاتون کے کپڑے پھاڑ دیئے۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے ملزمان تاحال قانون کی گرفت میں نہ آ سکے۔ راجن پور کے رہائشی محمد سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کہ ملزمان محمد نوید، محمد عدیل، محمد افضل و دیگر افراد اس کے گھر میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے داخل ہوئے۔
متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے مجھ سمیت گھر میں موجود خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور خواتین سے جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ان کے کپڑے پھاڑ ڈالے۔ ملزمان نے خواتین کو اغوا کرنے کی بھی کوشش کی۔
اس نے بتایا کہ اہلخانہ کی چیخ و پکار پر ملزمان گھر میں موجود موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ لین دین کلئیر ہونے کے باوجود ملزمان سود در سود کی رقم نہ ملنے کی رنجش کی بنا پر مجھ سمیت خواتین پر تشدد کیا۔