قائداعظم ٹرافی ،تابش خان کی 5وکٹیں ،مرحوم والد کو یاد کرکے جذباتی ہوگئے

Quaid-e-Azam Trophy,cricket,tabish khan,emotional,late father,pakistan
کیپشن: Quaid-e-Azam Trophy, 5 wickets of Tabish Khan, became emotional remembering the late father

کراچی:قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ میں سندھ کے فاسٹ باؤلرتابش خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پہلے روز سندھ کا پلڑا بھاری رہا۔ 


نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کےپہلے روز کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 86 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنالیے ہیں۔ سندھ کے فاسٹ باؤلرتابش خان نے 44 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اب تک 38 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد 69 اور محمد سعد 51 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔


میچ کا ٹاس سندھ نے جیت کر سنٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسی طرح این  بی پی سپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنالیے ہیں۔


 پہلے روز کھیل کے اختتام پر شان مسعود 80 جبکہ حسین طلعت 53 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے سپنرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 48.4 اوورز میں 165 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ زاہد محمودنے 4 اور سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فیضان ریاض اور عمر امین 29، 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔  


یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان نے کھیل کے اختتام پر 89 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنالیے ہیں۔ بسم اللہ خان 102 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انہوں نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 160 رنز کی شراکت قائم کی۔

کاشف بھٹی 98 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کے پی کے جنید خان، عمران خان سینئر اور احمد جمال 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔بلوچستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔


سنٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے تابش خان میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے  اپنے مرحوم والد کو یاد کرکے جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔


تابش خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آج میری افسردگی کی وجہ یہ ہے کہ میں نے اپنے والد کو جون میں کھو دیا۔ جب میں کل رات سونے ہی والا تھا ، میں اس بارے میں سوچ رہا تھا کہ میں اپنے مرحوم والد کو اپنی سرگرمی کے بارے کس طرح آگاہ کرتا تھا  اور جب بھی میچ میں 5وکٹیں حاصل کرتا تھا تو میں ان کو فون کرتا تھا اور اس بارے میں بتاتا تھا‘۔