لاہور: سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، مہمان ٹیم کے مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ مضبوط اور بہتر ہے۔
عمران خان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے بہترین موقع ہو گا کہ وہ اچھا سکواڈ تشکیل دے، زمبابوے سیریز آئندہ انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے سود مند رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان معین خان نے کہا کہ اصل مقابلہ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم سے ہو گا، جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔
اس سے قبل پاک زمبابوے سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس سیشن کیا۔ قومی ٹیم نے تربیتی کیمپ کے دوران دو انٹرا سکواڈ میچزز کھیلے۔
قومی ٹیم کل اسلام آباد کے لیے راونہ ہوگی، زمبابوے ٹیم کا قرنطینہ کا دورانیہ 27 اکتوبر کو مکمل ہوگا۔ پاکستان اور زمبابوے کی ون ڈے میچز کی سیریز 30 اکتوبر سے شروع ہوگی۔
خیال رہے کہ پاک زمبابوے ٹی ٹوئنٹی سیریز 7 نومبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہوگی۔ پاکستان زمبابوے کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کی گئی تھی۔
آل راؤنڈ عماد وسیم نے کہا کہ انٹرا سکواڈ میچ سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوا، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی اچھی بیٹنگ کرلیتے ہیں۔ کوچز کے ساتھ مل کر بیٹنگ پر کافی محنت کی ہے ، ون ڈے فارمیٹ تھوڑا الگ ہے اس میں مستحکم رہنا پڑتا ہے۔ کافی عرصہ سے پچاس اوورز کی کرکٹ نہیں کھیلی تھی سیریز سے قبل کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔
دوسری جانب زمبابوین کرکٹر سکندر رضا کا کہنا تھا کہ آبائی وطن آکر اچھا لگ رہا ہے، پاکستان سے بچپن کی یادیں جڑی ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔