کراچی : ملک میں ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں پاکستان روپے میں جان آنے لگی اور پہلے کاروباری دن کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک مرتبہ پھر سے 32 پیسے سستا ہو گیا۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران روپے کی قدر میں زبردست ریکوری دیکھنے کو مل رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 32 پیسے سستا ہونے کے بعد 161 روپے پانچ پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں 161 روپے 37 پیسے کی سطح پر آ گیا تھا۔
دو ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 7 روپے 38 پیسے سستا ہو گیا ہے۔ اگست میں انٹر بینک میں ڈالر 168 روپے 43 پیسے کی سطح پر تھا جو اکتوبر میں اب 161 روپے پیسے کا ہو گیا ہے۔ ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے پاکستان کے غیر ملکی قرضوں میں 800 ارب روپے کمی آئی ہے۔
حکومت کی جانب سے حال ہی میں بیرون ممالک پاکستانیوں کیلئے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاونٹ متعارف کروایا گیا تھا۔ بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے اب بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ڈالر کی قیمت میں کمی بھی آ رہی ہے۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو ریکارڈ 7 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں.