ممبئی : بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے میں ساتھی اداکارہ دپیکا پڈوکون کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اداکارہ دپیکا پڈوکون ان دنوں اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور ان کی شادی اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ اگلے ماہ اٹلی کے خوبصورت مقام پر 14 نومبر کو ہو گی۔دپیکا پڈوکون نے گزشتہ سال سے کسی بھی بالی وڈ فلم میں کام نہیں کیا اور ان کی اب تک کی آخری فلم ’پدماوت‘ ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار کیا تھا۔
فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے دپیکا پڈوکون کو فلم میں ساتھی اداکاروں رنویر سنگھ اور شاہدکپور سے زیادہ معاوضہ دیا تھا جو کہ 13 کروڑ بھارتی روپے بنتا ہے۔بھاری معاوضہ وصول کرنے کے بعد دپیکا پڈوکون سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں تھیں لیکن ان کے مدمقابل اداکارہ کنگنا رناوت کہاں پیچھے رہنے والی تھیں اور وہ کئی سالوں سےخود کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ قرار دیتی آئی ہیں۔تاہم اب وہ واقعی میں بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور انہوں نے اس فلم کے لیے 14 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا ہے جس کے بعد وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔اداکارہ کنگنا رناوت نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والوں میں دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کو پیچھے چھوڑا ہے۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت کو3 بار بہترین اداکارہ و بہترین معاون اداکارہ پر نیشنل فلم ایوارڈز مل چکے ہیں۔