مشتاق احمد نے ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ معاہدہ کر لیا

مشتاق احمد نے ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ معاہدہ کر لیا
کیپشن: فوٹو فائل

 لاہور:سابق لیگ اسپنر   مشتاق احمد نے ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض نبھانے کا معاہدہ کر لیا۔

ایک عرصہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسپن بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے مشتاق احمد نے غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہنے کے بعد رواں سال اپریل میں اپنے معاہدے کی تجدید کرا لی تھی، اس دوران انھیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے معاہدوں کی پیشکش ہوئی لیکن این سی اے میں ہی کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

پی سی بی کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے سے قبل مشتاق نے ایک ماہ ویسٹ انڈیز کیلیے بھی فرائض نبھائے، انگلش ٹیم کے ساتھ بھی کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے سابق لیگ اسپنر کا اب کیریبیئن بورڈ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، وہ بطور اسسٹنٹ کوچ کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھاریں گے، انھیں سال میں کم ازکم 150دن خدمات فراہم کرنا ہوں گی۔

  

ذرائع کے مطابق مشتاق احمد ویسٹ انڈین ٹیم کے دورئہ بھارت میں بھی ذمہ داری نبھانا چاہتے تھے لیکن پڑوسی ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سامنے آنے والے ویزا مسائل کی وجہ سے نہ جا سکے۔کیریبیئنز کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ ان کی پہلی مصروفیت دورئہ بنگلہ دیش ہوگی جہاں 2ٹیسٹ، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔