لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ اوپنر محسن حسن خان کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق چار ارکان پر مشتمل کرکٹ کمیٹی میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور وویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز بھی شامل ہوں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ مدثر نذر اس کمیٹی کی مشاورت کریں گے۔
کرکٹ کمیٹی ملک بھر میں کرکٹ اور کرکٹرز کے معاملات کی نگران ہوگی اور تمام پالیسی فیصلے کرنے سے قبل اس بارے میں سفارشات چیئرمین کو دے گی۔
کمیٹی کا مقصد ہر سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیئنگ کنڈیشن بھی یہی کمیٹی بنائے گی اور یہی کمیٹی سلیکشن کمیٹی کا بھی تقرر کرے گی۔
واضح رہے کہ ماضی میں کوچز اور سلیکشن کمیٹی کا تقرر پی سی بی چیئرمین کرتے تھے اور اس حوالے سے رسمی منظوری کے لیے کمیٹی تشکیل دی جاتی تھی لیکن اب چیئرمین احسان مانی نے ساری ذمہ داری کرکٹ کمیٹی کو دے دی ہے۔