لندن: پاکستان کے مایہ ناز آرٹسٹ راشد رانا کا ایک شاہکار لندن میں اتنا مہنگا فروخت ہو گیا ہے کہ لیجنڈ آرٹسٹ صادقین سمیت سب کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق راشد رانا کی یہ پینٹنگ 2لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 3کروڑ41لاکھ88ہزار روپے) میں فروخت ہوئی جس کا نام ’ریڈ کارپٹ سیریز نمبر 1‘ تھا۔
راشد رانا اپنے عہد کے انتہائی اہم اور نامور آرٹسٹ ہیں۔ ان کی شاہکار پینٹنگز اس سے قبل بھی انتہائی مہنگی فروخت ہو چکی ہیں۔ان کی ایک پینٹنگ نیویارک میں ہونے والی ایک نیلامی میں اس حالیہ پینٹنگ سے بھی دوگنا زیادہ قیمت 6لاکھ 23ہزار ڈالر (تقریباً 8کروڑ 31لاکھ 39ہزار روپے) میں فروخت ہو چکی ہے۔ برٹش میوزیم لندن، میٹروپولیٹن میوزیم نیویار اور فوکیوکا میوزیم جاپان سمیت دنیا بھر کے بڑے عجائب گھروں میں راشد رانا کی پینٹنگز کی نمائش ہو چکی ہے۔
راشد رانا اس وقت بیکن ہاﺅس نیشنل یونیورسٹی کے سکول آف ویژول آرٹس اینڈ ڈیزائن کے ڈین کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہیں ایشیاءسوسائٹی کی طرف سے ایشیاءآرٹ ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ واضح رہے کہ لیجنڈ مصور صادقین کی سب سے مہنگی پینٹنگ 75ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 1کروڑ 28لاکھ روپے) میں فروخت ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ عبدالرحمان چغتائی کی ’دی سیکوئی‘ نامی پینٹنگ 48ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 82لاکھ روپے) میں فروخت ہو چکی ہے۔
مزید : ڈیلی بائیٹس /برطانیہ