مقبوضہ بیت المقدس: معروف سائنسدان البرٹ آئن اسٹائن کی لکھی گئی ایک تحریر 15 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی ہے جس میں انہوں نے مختصر الفاظ میں خوشیوں بھری زندگی کا راز بیان کیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے معروف نیلام گھر ’ونرز‘ نے معروف سائنسدان البرٹ آئن اسٹائن کے ہاتھ سے لکھی تحریر نیلامی کے لیے پیش کی، آئن اسٹائن نے یہ تحریر 1922 میں جاپان کے دورے کے دوران ایک ویٹر کو لکھ کر دی تھی اور نیچے اپنے دستخط کئے تھے۔
جرمن زبان میں لکھی اس تحریر میں سادگی اور خوشی کا فلسفہ بیان کیا گیا ہے۔ آئن اسٹائن نے لکھا ہے کہ ”ایک پرسکون اور سادہ زندگی کامیابی کی تلاش میں رہنے والے مسلسل اضطراب سے زیادہ خوشیاں لاتی ہے۔
“نیلامی سے پہلے اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس مختصر تحریری نوٹ کو شاید 5 سے 8 ہزار ڈالر تک نیلام کیا جا سکتا تھا لیکن ایک قدر دان نے اسے 15 لاکھ 60 ہزار ڈالرز میں خریدا۔ نیلام گھر کے سی ای او نے تحریر خریدنے والے شخص کی شناخت بتانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شخص یورپ سے تعلق رکھتا ہے اور وہ یہ نادر چیز خرید کر انتہائی خوش ہے۔
واضح رہے کہ 2015 میں بھی آئن اسٹائن کے 27 خطوط 4 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئے تھے لیکن اس مرتبہ صرف ایک ہی تحریر 15 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں