پی ٹی آئی کا قافلہ زیرو پوائنٹ پہنچ گیا، ڈی چوک آنیوالوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

پی ٹی آئی کا قافلہ زیرو پوائنٹ پہنچ گیا، ڈی چوک آنیوالوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان اور رہنماؤں پر مشتمل قافلہ زیرو پوائنٹ پہنچ چکا ہے اور اب ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت بشریٰ بی بی کر رہی ہیں، جو پارٹی کے بانی عمران خان کی اہلیہ ہیں۔

تحریک انصاف کے قافلے کا راستہ جی 11 اور جی 9 سے گزرا جہاں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ دونوں جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور پتھراؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران، اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور ڈی چوک کی طرف بڑھنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ریلی کی قیادت کرنے والوں کو بھی گرفتار کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

وفاقی حکومت نے حالات کے پیش نظر اسلام آباد میں فوج کو طلب کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ نے فوج کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا ہے اور یہ واضح کیا گیا کہ قانون توڑنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ فوج کو کرفیو لگانے کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر اہم عمارتوں کی حفاظت کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی اداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر گولی چلانے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں