اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کا اجلاس 6 دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔ اس اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
26ویں آئینی ترمیم ، جس کے تحت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی تشکیل نو کی گئی تھی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 5 نومبر کو جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس طلب کیا تھا۔ اس اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جسٹس امین الدین کی تقرری کی حمایت میں 12 رکنی کمیشن کے 7 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ 5 ارکان نے مخالفت کی۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور کمیشن میں شامل اپوزیشن کے ارکان پارلیمان شبلی فراز اور عمر ایوب نے جسٹس امین الدین کی تقرری کی مخالفت کی تھی۔