پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، جاری کیلنڈر سال کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں مجموعی طور پر 3.295 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کے اختتام پر ملکی ذخائر کا حجم 12.676 ارب ڈالر تھا، جس میں اسٹیٹ بینک کے پاس 8.233 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 4.440 ارب ڈالر شامل تھے۔

15 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملکی ذخائر کا حجم 15.968 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جس میں اسٹیٹ بینک کے پاس 11.288 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس 4.680 ارب ڈالر موجود ہیں۔ اس دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 3.055 ارب ڈالر کا اضافہ جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی 240 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق، جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر 15 نومبر تک ملکی ذخائر میں 1.971 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 1.898 ارب ڈالر اور بینکوں کے ذخائر میں 73 ملین ڈالر کا اضافہ شامل ہے۔

مصنف کے بارے میں