بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنا ن ریڈ زون کی طرف روانہ

بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنا ن ریڈ زون کی طرف روانہ

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کی قیادت میں پارٹی کارکن 26 نمبر چونگی سے ریڈ زون کی جانب روانہ ہو گئے۔ بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 تک پہنچ گیا۔

اس دوران، بشریٰ بی بی نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہدایت کے باوجود احتجاج کے لئے متبادل مقام پر جانے سے انکار کر دیا۔ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ کچھ سازشی عناصر ہمیں ڈی چوک کے بجائے کسی اور جگہ پر روکنا چاہتے ہیں، لیکن عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے اور کارکنان بھی کسی اور جگہ پر مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی مرکزی قیادت دھرنے کے لیے حتمی مقام کا تعین کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے اور کسی بھی رہنما نے اس کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے۔

اس سے قبل، پی ٹی آئی کے وفد کی بانی عمران خان سے دوسری ملاقات ہوئی، جس میں بیرسٹر گوہر نے احتجاج اور حکومتی تجاویز کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ عمران خان نے بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور پارٹی کارکنوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا، جس کے بعد پی ٹی آئی قیادت کو اس پیغام کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے بیرسٹر گوہر روانہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق، عمران خان کے ویڈیو پیغام میں حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ ڈی چوک پر احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پی ٹی آئی کو درخواست دینے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت نے احتجاج کی اجازت کے بغیر ڈی چوک جانے کی کوشش کی، تو انتظامیہ کو سخت اقدامات اٹھانے کا اختیار ہے۔

مصنف کے بارے میں