10 سالہ بچے کی 911 پر کال ، ریاضی کے سوال میں مدد کی درخواست

 10 سالہ بچے کی 911 پر کال ، ریاضی کے سوال میں مدد کی درخواست

وسکونسن: امریکی ریاست وسکونسن کی شوانو کاؤنٹی میں ایک 10 سالہ بچے نے پولیس کے ایمرجنسی فون نمبر 911 پر کال کی اور ایک عجیب درخواست کی۔ بچے نے بتایا کہ وہ ہوم ورک میں ایک ریاضی کا سوال حل نہیں کر پا رہا اور اس کے گھر والے بھی اس کی مدد نہیں کر پا رہے کیونکہ ان کی ریاضی کمزور ہے۔

شوانو کے شیرف جارج لینزنر نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی تفصیل شیئر کی۔ بچے کی کال ریسیو کرنے والی پولیس اہلکار کم کراؤس نے اسے سمجھایا کہ یہ پولیس کا کام نہیں کہ وہ گھروں میں جا کر ریاضی کے سوالات حل کرے، مگر پھر بھی انہوں نے مدد کی کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔

بچے نے سوال بتایا، جو کہ پیچیدہ تھا اور کم بھی اسے حل نہیں کر سکیں۔ اس کے بعد کم نے ڈپٹی شیرف چیس میسن کو فون کیا، جو اس وقت علاقے میں موجود تھے اور انہوں نے بچے کے گھر جا کر مسئلہ حل کرنے کی پیشکش کی۔ تاہم، چیس میسن بھی ریاضی میں زیادہ ماہر نہیں تھے، اس لیے انہوں نے اپنے بیٹے کو بچے کے گھر بھیجا، جس نے آخرکار سوال حل کر دیا۔

پولیس نے بچے کو بتایا کہ وہ جب چاہے 911 پر کال کر سکتا ہے، لیکن صرف ایمرجنسی حالات میں، غیر ایمرجنسی مسائل کے لیے اسے نان ایمرجنسی نمبر پر پولیس سے رابطہ کرنا چاہیے۔

مصنف کے بارے میں