لبنان : اسرائیل اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا نے کا امکان ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات درست سمت میں چل رہے تھے۔
فرانسیسی صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی، جس کا نتیجہ کامیاب رہا۔
اس کے باوجود، جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور آج ہونے والے حملوں میں 12 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب، غزہ کے پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
رفح میں اسرائیلی فوجی گاڑی پر حماس کے راکٹ حملے کی اطلاعات بھی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی خبریں ہیں۔ غزہ میں موسم سرما کی بارشوں کے بعد پانچ لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔