پشاور:پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک کاکہنا ہے کہ وزیر اعظم نہیں وزیراعلیٰ کاامیدوار ہوں ۔پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نےپشاور میں شمولیتی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نہیں وزیراعلیٰ کاامیدوار ہوں ۔
ان کاکہنا تھا کہ صوبہ بھر کے بیشتر اضلاع میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے دیگر پارٹیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ اس ملک میں 75سال سے حکومتیں رہیں، ہم نے کیوں ترقی نہیں کی؟ کیوں ہمیں انصاف نہیں ملا؟ کیوں بیروزگاری ہورہی ہے؟ ان لوگوں کوہم بار بار آزما چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا آگے نکل گئی اور ہم پیچھے جارہے ہیں، دنیا میں ہماری حیثیت ختم ہوگئی ہے، ہم قرضوں سے بھر گئے ہیں، کسی کے پاس کوئی پالیسی نہیں کہ سرمایہ کاری کیسے آئے گی، اس ملک میں بڑی بیماری اور کینسر قرضہ ہے، قرضہ واپس کرنے کیلئے دوبارہ قرضہ لینا پڑرہا ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف سے قرضے لیے، آئی ایم ایف ہمارا ہمدرد نہیں، ہم سے سود سمیت پیسے واپس لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں اچھے وزیر اعظم کو آنا چاہیے جو ملک سے مخلص ہو، ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے،سوچنا ہوگا کہ ہمارا مجرم کون ہے۔ لگ رہاہے کہ ہمارے صوبے میں مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کا اتحاد ہو جائے گا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ اللہ کرے پاکستان میں ایماندار لیڈر آئے اور قرضوں سے جان چھڑائے، میں نہیں دیکھ رہا کہ کسی کے پاس ایسی پالیسی ہے کہ ملک ترقی کرے گا۔