پشاور: خیبر پختونخوا میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ آج ہو گا۔
ایم ڈی کیٹ(میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ) کیلئے صوبہ بھر میں 11 سینٹرز بنائے گئے ہیں جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف میں دو دن کیلئے دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی۔
خیبر پختونخوا کے میڈیکل اور ڈینٹل کالیجز میں داخلوں کیلئے آج صبح 10 بجے ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں 46 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات حصہ لیں گے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ٹیسٹ کی نگرانی 11 انتظامی سیکرٹریز کو سونپی ہے جبکہ ٹیسٹ کیلئے سکیورٹی پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔پشاور میں 250 جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکارامتحانی مراکز میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
پولیس کے مطابق امتحانی مراکز میں الیکٹرانک آلات کے استعمال پر پابندی ہوگی جبکہ امتحانی مواد کی ترسیل کے وقت ہر گاڑی کے ساتھ 10 پولیس اہلکار سکیورٹی پرمامور ہوں گے۔
پولیس حکام کے مطابق ہر امتحانی مرکز کے گیٹ پر 24 پولیس اہلکار اور 6 خواتین اہلکار اور ہیلتھ ورکرز تعینات ہوں گی۔ اسی طرح ہر مرکز پر روف ٹاپ پوائنٹس پر 10 سے زیادہ اہلکار تعینات ہوں گے۔
پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایم ڈی کیٹ کے شفاف انعقاد کیلئے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کررکھا ہے جبکہ ٹیسٹ کے دوران جیمرز لگا کر موبائل سگنلز بھی معطل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے ستمبر میں نقل کی وجہ سے صوبے بھر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کو روک کر دوبار امتحان کرانے کا فیصلہ کیا تھا، بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے 219 امیدوار نقل کرتے پکڑے گئے تھے۔