نیویارک: برطانیہ کے بعد امریکا نے بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چینی ٹیک کمپنیاں ہواوے، زیڈ ٹی ای، ہائک ویژن اور داہوا کی مصنوعات پر پابندی عائد کردی۔
یہ فیصلہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے بیجنگ کی ممکنہ جاسوسی کے بارے میں اٹھائے گئے خدشات اور کانگریس کی جانب سے گزشتہ برس منظور کردہ ایک قانون کے بعد کیا گیا ہے۔
امریکی جاسوسی امور کے سربراہوں کے مطابق چینی ٹیک کمپنیاں ہواوے ٹیکنالوجیز اور زیڈ ٹی ای کارپوریشن پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں امریکی پابندیوں کی زد میں آچکی تھیں۔ نئے قوانین کا اطلاق ہائیک ویژن اور داہوا پر بھی ہوگا، جن کے تیار کردہ ویڈیو سرویلنس کیمرے پوری دنیا میں نصب ہیں۔
اس سے قبل برطانوی حکومت نے اپنی وزارتوں کو ممکنہ سکیورٹی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے حساس عمارتوں کے اندر چینی ساختہ سکیورٹی کیمرے لگانے سے روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔