ٹوئٹر میں گولڈ اور گرے تصدیقی چیک مارک شامل کرنے کا اعلان

01:12 PM, 26 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

 ٹوئٹر کے   چیف ایگزیکٹو  ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ٹویٹر جلد ہی گولڈ اور گرے تصدیقی چیک مارک کو رول آؤٹ کرے گا، جبکہ  اگلے ہفتے سے بلیو ٹک سروس بھی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔

 ایلون مسک کا اپنے  سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر  جاری کردہ ایک  پیغام میں کہنا تھا کہ یہ اقدام "تکلیف دہ ہے  لیکن ضروری تھا"۔مسٹر مسک نے کہا کہ ٹک کے فعال ہونے سے پہلے تمام تصدیق شدہ اکاؤنٹس کی دستی طور پر تصدیق کی جائے گی۔

 تصدیقی چیک مارکس کی تفصیل بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "کمپنیوں کے لیے گولڈ چیک، حکومتوں کے لیے گرے چیک، افراد کے لیے نیلا چیک مارک ہوگا ۔"

ایک اور ٹویٹ میں ایلون  مسک  کا کہنا تھا "افراد کے پاس ایک ثانوی چھوٹا لوگو ہو سکتا ہے تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ وہ کسی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں اگر اس تنظیم کی طرف سے اس کی تصدیق ہو جائے۔"

ان کا کہنا تھا کہ  اگلے ہفتے  اس حوالے سے  طویل وضاحت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے  سوشل میڈیا پلیٹ فارم  پر بڑھتے ہوئے جعلی اکاؤنٹس کے پیش نظر  بلیو ٹک سبسکرپشن سروس کو روک دیا  ہے اور کہا ہے  کہ اسے 29 نومبر  سے  دوبارہ  بحال کردیاجائے گا۔

واضح رہے کہ نیلے رنگ کا نشان پہلے سیاست دانوں، مشہور شخصیات، صحافیوں اور دیگر عوامی شخصیات کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے مخصوص تھا۔

مزیدخبریں