سعد رضوی کا آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

09:40 PM, 26 Nov, 2021

لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی نے  آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

خادم حسین رضوی مرحوم کے صاحبزادے سعد رضوی نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن کے لیے بھی تیار ہیں اور قرضہ نہ لینے کا نعرہ لگانے والے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں اور حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔

 تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے مزید کہا کہ الیکشن 2023 کیلئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور اگر الیکشن قبل از وقت ہوئے تو اس کیلئے بھی تیار ہیں جبکہ تمام جماعتوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کریں گے اور ملک بھر سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور عوام الیکشن میں تحریک لبیک کا بھرپور ساتھ دیں کیونکہ حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور ملک میں ہر طبقہ احتجاج کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا دعویٰ کرنے والے کشکول لے کر آئی ایم ایف کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں، حکومت اور اپوزیشن ذاتی مقاصد میں مصروف ہیں، الزام تراشی اور ذاتی دشمنیوں نے ملک کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔

خیال رہے کہ سعد رضوی کو حکومت سے معاہدے کے بعد گزشتہ دنوں رہا کیا گیا تھا اور اب انہوں نے الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

الیکشن 2018 میں بھی تحریک لبیک نے ملک بھر میں بھرپور حصہ لیا تھا اور سندھ اسمبلی میں ٹی ایل پی کی تین نشستیں ہیں جن میں سے دو منتخب اور ایک خاتون کی مخصوص نشست ہے۔

مزیدخبریں