راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا کے دوران آرمی میڈیکل کور کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا کیخلاف جنگ میں صف اول میں کھڑے رہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے آج آرمی میڈیکل کور سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پرفاتحہ خوانی کی۔
آرمی چیف نے اے ایم سی کی پہلی خاتون کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو بیجز لگائے اور کہا کہ اے ایم سی میں پہلی تھری اسٹاف جنرل آفیسر کی تعیناتی ملک اور فوج کیلئے قابل فخر امر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امن اور جنگ میں صحت کی سہولیات دینے میں اے ایم سی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے پاکستان کے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے مثالی عزم دکھایا۔