لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ کہتے ہیں اپنا استعفیٰ آج وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر رہا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ’’وزیراعظم عمران خان سے آج ہونے والی ملاقات میں اُنہیں اپنے نیوز چینل کے حوالے سے قائل کیا ہے جبکہ غیر جانبداری قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ہو لہذا میں بطور سینئر وزیر/ وزیر خوراک حکومت پنجاب اب میرا استعفی قبول فرما لیں۔‘‘
وزیراعظم عمران خان سے آج ھونے والی ملاقات میں اُنہیں قائل کیا ھے اپنے نیوز چینل سماء نیوز کے حوالے سے غیر جانبداری قائم رکھنے کے لئے ضروری ھے میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ھو لہذا وہ بطور سینئر وزیر/وزیر خوراک حکومت پنجاب اب میرا استعفی قبول فرما لیں۔ 1/2
— Abdul Aleem Khan (@aleemkhan_pti) November 26, 2021
عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج وزیر اعظم کو قائل کر لیا ہے ، میں ممنون ہوں کہ انہوں نے میری گزارش قبول فرمائی جس کے بعد استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیج رہا ہوں ۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبد العلیم خان 6 فروری 2019ء کو گرفتاری کے بعد بلدیات اور منصوبہ بندی کی وزارتوں سے مستعفی ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے پنجاب کے صوبائی وزیر برائے بلدیات اور منصوبہ بندی عبد العلیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں گرفتار کیا تھا۔ نیب علیم خان کی آف شورکمپنی کی تحقیقات کر رہا تھا اور انکے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔