کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پیٹرول پر تمام ٹیکس ختم کردیئے ہیں اور تیل کی قیمت میں کمی کا سارا فائدہ عوام کو منتقل کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ اگر ہم ری فنانس نہیں دیں گے تو کچھ اور کرنا پڑے گا، ہمارا پیسہ 10 روپے انڈرویلیو ہے، افواہیں تھیں لاکر سیز ہوجائیں گے مگر کوئی ایسی چیز نہیں ہوگی، روپیہ اب دونوں طرف جائےگا۔
شوکت ترین نے کہا کہ ہمارا مسئلہ لوئر مڈل کلاس ہے کیونکہ لوئر مڈل کلاس طبقہ پس رہاہے، ہمارا مسئلہ غربت کا نہیں، مہنگائی کا ہے، ورلڈبینک کےمطابق ملک میں غربت ایک فیصد کم ہوئی ہے، امریکا میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور امریکا نے تیل کی قیمت پر ایکشن لیا ہے جس کے بعد قیمت نیچے آرہی ہے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم ٹیکسز نہیں بڑھانے دیں گے، کوئی نیا ٹیکس یا ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہوگا، صرف ٹیکسوں کے استثنی کو ختم کیا جائے گا، پیٹرول پر بھی سارے ٹیکس ختم کردیئے ہیں اور تیل کی قیمت میں کمی کا سارا فائدہ عوام کو منتقل کریں گے۔
شوکت ترین نے کہا کہ افواہوں پر توجہ نہ دی جائے، روپے کی قدر میں کوئی کمی نہیں آئے گی، جو یہ سوچ رہے ہیں کہ ڈالر سے کمائیں گے، انہیں تنبیہ کرتا ہوں کہ ڈالر نیچے آنے سے وہ مار کھائیں گے، ڈالر کی قدر میں جب کمی آئے گی تو ان سٹے بازوں کو دھچکا لگے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے زراعت کے شعبے کوترقی دینا ہے، فرٹیلائیزر کمپنیوں کو گیس کی مد میں150ارب روپے سےزائد کی سبسڈی دے رہے ہیں، کیا یہ سبسڈی کسانوں تک پہنچ رہی ہے؟ مگر ہم یہ یقینی بنائیں گے، ایس ایم ایزکسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ملک میں چار سے پانچ لاکھ ایس ایم ایز ہیں، ہم چاہتے ہیں ایس ایم ایز کو سہل طریقے سے کلیم کریڈٹ ملے۔