ممبئی: بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر نک جونس نے علیحدگی کی خبروں کو من گھڑت قرار دے دیا ۔ جوڑے نے اپنی تازہ تصاویر شیئر کرکے مداحوں کی غلط فہمی کو دور کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے امریکی گلوکار شوہر نک جونس نے اپنی طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی تازہ تصاویر شیئر کی ہیں ۔
سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے لکھا ہے کہ ہم ایک ہیں اور ہماری علیحدگی کے بارے میں سامنے آنے والی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں پریانکا چوپڑا نے نِک جونس کو گلے سے لگایا ہوا ہے جبکہ اپنی پوسٹ کے کیپشن میں نِک جونس سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں تُم سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے صرف 5 گھنٹے پہلے ہی انسٹاگرام پر یہ پوسٹ شیئر کی ہے جسے اب تک 8 لاکھ 98 ہزار سے زائد افراد لائک کرچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے شوہر کے ساتھ تصویر شیئر کرکے بہت اچھا کام کیا ہے کیونکہ اس سے ہماری پریشانی ختم ہوگئی ہے۔
دوسری جانب نِک جونس نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پریانکا کے ہمراہ اپنی وہی تصویر شیئر کی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے وضاحت فراہم کیے بغیر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنے نام سے نِک جونس کا نام ہٹا دیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے۔اس کے بعد پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے بیٹی کی طلاق کی خبروں پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ سب بکواس ہے، افواہیں مت پھیلائیں۔‘
یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے سال 2018 میں یکم دسمبر کو ہندواور 2 دسمبر کو عیسائی طرزِ عمل کی شادی کی تھی۔پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی امریکا میں ملاقات ہوئی تھی اور دونوں پہلی نظر میں ہی ایکدوسرے کو بھا گئے تھے ۔