اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے منافع میں اضافہ مان لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کے مارجن میں اضافے کا اطلاق کابینہ کی منظوری کے بعد ہوگا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے 99 پیسے فی لٹر اضافے کا مطالبہ مان لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی لٹر پٹرول کے مارجن میں اضافے کا اطلاق کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے بعد ہوگا ۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم ہو گئی ۔
حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں ہڑتال ختم کردی گئی ہے حکومت 0.99 پیسے کی مارجن کے اضافے کو کابینہ سے موجودہ سمری کی باقاعدہ منظوری کے بعد نوٹیفائی کرے گی۔ 6 مہینے کے بعد 4.4% تک کا % سسٹم کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) November 25, 2021
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کریگی جبکہ اضافے کا اطلاق کابینہ سے منظوری کے بعد ہو گا ۔اس حوالے سے منظوری کےلیے سمری بھیج دی گئی ہے جبکہ 6 ماہ کے بعد ڈیلرز کے منافع میں 4.4فیصد تک اضافے کےلیے اقدامات کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع میں اضافےکے لیے25 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ہڑتال کے تحت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے تھے جس کے باعث ملک بھر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا تھا ۔