لاہور:(قادر خواجہ ) قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ میں قومی سکواڈ کے کورونا ٹیسٹوں کی رپورٹ سامنے آگئی ہیں ۔ جس میں قومی سکواڈ میں شامل 6 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں کے نام چھپانے لگا۔ نیو نیوز نے چھ میں سےچار کنفرم کھلاڑیوں کو ڈھونڈ لیے۔ سابق کپتان سرفراز احمد،وکٹ کیپر روحیل نذیر، فاسٹ باولر نسیم شاہ اور محمد عباس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیاہے۔ چاروں کھلاڑیوں نے الگ گروپ بنا رکھا ہے اور یہ ہوٹل کے ریسٹورنٹ سے بغیر ماسک پہنے کھانا لینے گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں شامل افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا افسوسناک ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ دورہ پر آئی قومی ٹیم مینجمنٹ سے اس حوالے بات چیت کررہا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی مینجمنٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ان کیلئے عوام کا تحفظ سے اہم چیز ہے۔
ادھر کھلاڑیوں کی کرونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کھلاڑیوں کو کویڈ 19 پروٹوکولز پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔وسیم خان نے کھلاڑیوں کو آڈیو پیغام بھجوایا جس میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں۔ اگر آپ نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو نیوزی لینڈ حکومت واپس بھیج دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں صبح سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں.انہوں نے کہا کہ یہ ٹور پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔
قومی کپتان بابر اعظم کی قیادت میں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے گئی پاکستانی ٹیم میں حارث رئوف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، فواد عالم، عابد علی، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، محمد رضوان، شاداب خان، اظہر علی اور سرفراز احمد شامل ہیں۔