اسلام آباد: آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی صدارت میں پاکستان سکواش فیڈریشن کی 47ویں سالانہ جنرل کونسل میٹنگ منعقد ہوئی۔
اس میٹنگ میں اسکواش کے عظیم کھلاڑیوں کے علاوہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ جنرل کونسل ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور سکواش کے کھیل کی ترویج کے لئے پاک فضائیہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے ایسوسی ایشنزکے ممبران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ با قاعدگی سے تربیتی کیمپوں اور ٹورنامنٹس کے انعقاد کے ذریعے سکواش کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف سپانسر شپ اور سکالر شپ پروگراموں کے ذریعے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج کے حصول کے لیے کھیل پر توجہ دینے اور اپنی ذہنی اور جسمانی استعداد کاربڑھانے کی بھی تاکید کی۔
جنرل کونسل نے سال 2019-2020ء میں پاکستانی کھلاڑیوں کی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ صدر پاکستان سکواش فیڈریشن نے سکواش کے کھیل کو ترقی دینے کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کو پرائڈ آف پرفارمنس ٹرافی سے نوازا جبکہ خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن رنر اپ کی حقدار ٹھہری۔
نائب صدور کی تقرری کے لئے بھی اس میٹنگ کے دوران الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ جناب قمر زمان کو خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کی طرف سے جبکہ جناب عدنان اسد کو سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کی طرف سے متفقہ طور پر اگلے چارسال کیلئے نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔
یہ اجلاس سکواش کے بین الاقوامی میدان میں پاکستان کی برتری کو بحال کرنے کی امید کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر نے فیڈریشن کے ممبران پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اسکواش کی ترقی میں اپنے کردار کو جاری رکھیں گے اور کھلاڑیوں کو سپانسر کرنے کے لیے بھرپور فنڈز مہیا کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔