والدہ کے جنازے میں شرکت، شہباز شریف اور حمزہ کی رہائی جمعہ کو ہوگی

11:42 AM, 26 Nov, 2020

لاہور: صوبائی حکومت نے میاں شہباز شریف کو ان کی والدہ کے جنازے میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے جمعہ کو پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ہمراہ حمزہ شہباز شریف کو بھی رہائی ملے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کے جنازے میں شرکت کر سکیں اور دیگر انتظامات دیکھ سکیں۔

شریف برادران کی والدہ کی میت کو پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کی میت کو ہفتے کے روز جاتی امرا لایا جائے گا جس کے بعد نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی تدفین کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ شریف خاندان پر آنے والے اس سانحے کے پیش نظر میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ کو 2 ہفتے کیلئے رہا کیا جائے۔ لیگی رہنمائوں کی جانب سے اس معاملے پر حکومت کو بار بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔ تاہم حکومت کا موقف تھا کہ قانون کے مطابق کسی بھی ملزم کو پانچ روز سے زیادہ پیرول پر رہائی نہیں مل سکتی اور بھی وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کی صوابدید ہے۔ بیگم کلثوم کے انتقال کے موقع پر بھی ان کے شوہر میاں نواز شریف کو پانچ روز کیلئے رہائی ملی تھی۔

ادھر ترجمان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرائے کے ترجمان نواز شریف کی والدہ کی وفات پر سیاست کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک آگے بڑھے گی۔ ملک میں ہر شعبہ تباہ ہو چکا ہے۔ حکمرانوں نے سقوط کشمیر کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ماہ سے حمزہ شہباز جیل میں ہیں لیکن ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہو سکی۔

مزیدخبریں