کرائسٹ چرچ: دورہ نیوزی لینڈ کیلئے جانے والے قومی سکواڈ کے 6 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انھیں حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
یہ تصدیق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستانی سکواڈ میں موجود تمام پاکستانیوں کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے تھے جن میں سے 6 افراد میں وبائی مرض پایا گیا، اس کے فوری بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انھیں سب سے علیحدہ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے گئے ہوئے پاکستانی سکواڈ میں کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سمیت 55 افراد شامل ہیں۔ لاہور سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل تمام افراد کا ٹیسٹ لیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔ تاہم ٹیم کے اہم کھلاڑی فخر زمان میں بخار کی علامات کی وجہ سے انھیں پہلے ہی علیحدہ کرتے ہوئے علیحدہ کر دیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کے نیوزی لینڈ کیساتھ دو ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹونٹی میچ شیڈول ہیں۔ دونوں ٹیموں کیخلاف یہ سیریز آئندہ ماہ اٹھارہ دسمبر کو شروع ہو گی جو سات جنوری تک جاری رہے گی۔
قومی کپتان بابر اعظم کی قیادت میں دورہ نیوزی لینڈ کیلئے گئی پاکستانی ٹیم میں حارث رئوف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، فواد عالم، عابد علی، عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، محمد رضوان، شاداب خان، اظہر علی اور سرفراز احمد شامل ہیں۔