لاہور: پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن پر کی جانے والی ٹیلی فون کالز مفت کردی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ آئی جی موٹرویز کلیم امام نے پی ٹی اے کے چئیرمین میجر جنرل ( ر) عامر عظیم باجوہ سے ملاقات کی ، پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس اہم ترین ملاقات میں متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ( این ایچ اینڈ ایم پی ) کی ہیلپ لائن پر کی جانے والی کالز مفت ہوں گی ۔
موبائل فون صارفین 130 پر اب مفت کال کرسکیں گے ، ان سے کال کے پیسے وصول نہیں کیے جائیں گے ۔ چئیرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔