کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ فضائی کمپنیوں کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد لازمی قرار دیدیا گیا۔
پاکستان میں ہوا بازی کے ادارے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کو کیٹگری اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔
سی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیٹیگری اے میں ویتنام، سری لنکا، سنیگال، جنوبی کوریا، نائیجیریا اور سعودی عرب شامل ہیں۔ کیٹیگری اے میں شامل مسافروں کو کووڈ 19 ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم کیٹیگری بی سے تعلق رکھنے والے دیگر ممالک کے شہرویوں کو پاکستان داخل ہونے سے پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔
نوٹیفیکیشن میں کیٹیگری بی ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کیلئے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے سفر سے 96 گھنٹے قبل اپنا کورونا ٹیسٹ لازم کرائیں، زائد المعیاد ٹیٹ رپورٹ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
سی اے اے کی جانب سے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کیلئے جاری سفری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ انھیں ہیلتھ ڈکلیریشن فارم بھرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ایسی تمام انٹرنیشنل فضائی کمپنیاں اور چارٹرڈ طیارے جو بیرون ممالک سے مسافروں کو پاکستان لائیں گے انھیں ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس نے اپنی تباہ کاریاں دکھانا شروع کر دی ہیں۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران اس عالمی وبا کے پھیلائو میں کمی دیکھنے میں آ رہی تھی لیکن موسم بدلتے ہی اس کے اثرات بڑھنا شروع ہو گئے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او اور دیگر طبی ماہرین کی سخت ہدایات کے باوجود عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں جو اس کے پھیلائو کا باعث بن رہی ہیں۔