مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 3 نوجوان شہید

03:00 PM, 26 Nov, 2019

سری نگر: قابض بھارتی فوج نے ایک بار پھر ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سورس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلواما میں سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے منع کر دیا اور شہید ہونے والوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی مذموم کوشش کی۔

عینی شاہدین اور علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کے دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور پر امن مظاہر کیا جسے سبوتاژ کرنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جب کہ پیلٹ گن کا بے درخ استعمال کیا گیا جس کی زد میں آ کر درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے دوران گھر، گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، خواتین کی بے حرمتی، بزرگوں کی تذلیل اور بچوں کو ڈرایا دھمکایا گیا جب کہ قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر 4 نوجوانوں کو گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔

مزیدخبریں