میچ میں 10 وکٹیں لینے کی سوچ کیساتھ میدان میں اترا، یاسر شاہ

11:13 PM, 26 Nov, 2018

دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر اور دبئی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ یہ سوچ کر میدان میں اترا تھا کہ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کروں گا اور اس لحاظ سے نیوزی لینڈ کے ہر کھلاڑی کے خلاف پلان ترتیب دیا تھا مگر 1 دن میں ہی 10 وکٹیں حاصل کر لوں گا یہ نہیں سوچا تھا۔

تیسرے روز کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذہن میں تھا کہ اگر ایک جگہ لگاتار باؤلنگ کروں گا تو ؤکٹیں حاصل ہوں گی، میچ سے قبل ہر بیٹسمین کے لئے ورکنگ کر کے آتا اور اس کا کمزور پہلو ذہن میں ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف انجری کے بعد واپسی ہوئی تاہم اس سیریز میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دیکھا سکا لیکن میچ پریکٹس ملنے کی وجہ سے باؤلنگ کا ردھم حاصل ہوا تھا جس کا فائدہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ہو رہا ہے اب باؤلنگ میں قدرے بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر میچ کے لئے فوکس کرتا ہوں اور پلان کرتا ہوں کہ کیسے ٹیم کو میچ جتوانا ہے، آج میچ کے آخری مراحل خراب باؤلنگ ہوئی جس سے کافی اسکور پڑ گیا تاہم کوشش کروں گا کہ کل نپی تلی باؤلنگ کر کے جلد از جلد وکٹیں حاصل کر لوں ۔انہوں نے کہا کہ کین ولیمسن کو آؤٹ کرنے کی بہت خوشی ہوئی، وہ نیوزی لینڈ کے اہم بلے باز ہیں، کل کا دن اہم ہے کوشش کروں گا کہ اچھی باؤلنگ کر کے میچ میں جیت حاصل کریں۔

واضح رہے کہ کیویز کے خلاف پہلی اننگز میں یاسر شاہ نے صرف 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں اپنے نام کیں،جس کی بدولت مہمان ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

فالو آن کی شکار نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز شروع کی تو دن کے اختتام پر ایک بار پھر یاسر شاہ 2 وکٹ لے اڑے۔نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 131 رنز بنالئے ہیں، گرین کیپ کو اب بھی کیویز پر 197 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دبئی ٹیسٹ میچ میں تاحال دو دن کا کھیل باقی ہے، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 5 وکٹ 418 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی جواب میں آج پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 90 رنز پرپویلین لوٹ گئی تھی۔

 
 
 
 

مزیدخبریں