لاہور : پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اظہرعلی کا انگلینڈ کی فرسٹ کلاس ٹیم سمرسیٹ کاؤنٹی سے معاہدہ طے پا گیا۔اظہر علی سمرسیٹ کی جانب سے کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ میں شرکت کریں گے۔دوبارہ معاہدہ طے پانے پر اظہر علی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیزن کا تجربہ بڑا خوش گوار رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول بڑا شاندار تھا، کاؤنٹی کے سپورٹرز کی طرف سے بھی بڑی حوصلہ افزائی ملی، آئندہ سیزن میں سمرسیٹ کی نمائندگی اور بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہوں۔یاد رہے 33 سالہ اظہرعلی نے گزشتہ سیزن میں سمر سیٹ کی طرف سے ڈویژن ون کے میچز کھیلے تھے۔ سمرسیٹ کی جانب سے ڈیبیو میچ میں اظہر علی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے تھے بعد ازاں انہوں نے کاؤنٹی سیزن میں 400 رنز اسکور کئے۔
اظہر علی نے حال ہی میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔33 سالہ اوپنر اظہرعلی 19 فروری 1985 کو لاہورمیں پیدا ہوئے، پہلا ٹیسٹ 13 جولائی 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جبکہ ون ڈے کیریئرکا آؔغاز 30 مئی 2011 کو آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیل کر کیا۔
بلے باز، 66 ٹیسٹ میچز میں 5303 رنز بنا چکے ہیں جبکہ 14 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور ٹیسٹ میچ میں 302 رنزبنانے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔اظہرعلی نے اپنے کیریئر میں 53 ون ڈے کھیلے، 1845 رنز بنائے اور تین سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی اپنے نام کیں۔