روس اور کریمیا کے درمیان ایک بار پھر جنگ کا خطرہ پید ا ہو گیا ہے ۔روس نے کریمیا کے قریب سمندر میں موجود یوکرین کے تین بحری جنگی جہاز پکڑ لیے۔
روس کی سیکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ آزوف سمندر کی طرف جانے والی آبی گزر گاہ میں یوکرین کے تین جنگی بحری جہاز روکنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا گیا۔ یوکرین کی نیوی نے اپنے دو چھوٹے جنگی جہاز اور ایک ٹَگ بوٹ پکڑے جانے کی تصدیق کی ہے۔
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور یورپی یونین نے اس معاملے پر فریقین سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کو بحری راستے پر آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔اس اقدام سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر غور کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل روس نے اپنی سرحد کے قریب فوجی نقل و حرکت پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا جبکہ روس نے یوکرین پر سرحدی خلاف ورزی کا الزام بھی لگایا۔روس نے بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے سنگم پر آبنائے کرچ پر قائم پل کے نیچے اپنا بحری ٹینکر کھڑا کر کے راستہ بلاک کر دیا ہے۔
یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے ملک کی قومی سلامتی اور دفاعی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے روسی اقدامات کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔روسی اقدام کیخلاف یوکرین میں روسی سفارتخانے کے باہر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔