دبئی: دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں صرف 90رنز پر پویلین لوٹا کر فالو آن کردیا۔یاسر شاہ نے کیویز ٹیم کی صفوں میں ہلچل مچاتے ہوئے اور41رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا اور ایک کو حسن علی نے آؤٹ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز 5 وکٹ کے نقصان پر 418 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کردی جس کے بعد مہمان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
دبئی ٹیسٹ میں کے تیسرے روز بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اوپننگ بلے باز نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یاسر شاہ نے پہلے اوپنر جیت راول کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کی کمر توڑ دی۔
دوسرے روز پاکستان نے 5 وکٹ پر 418 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، قومی ٹیم کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی جب کہ بابر اعظم نے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔ حارث سہیل کیریئر کا بہترین اسکور 147 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 127 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس گئے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ایک بار پھر اوپننگ بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے، امام الحق اور محمد حفیظ 9، 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں اظہر علی 81 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔خیال رہے کہ پہلے ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 4 رنز سے ہرا دیا تھا۔