قونصلیٹ حملے میں شہید پاکستانی پولیس اہلکاروں کیلئے چینی شہریوں کی فنڈ مہم

02:02 PM, 26 Nov, 2018

لاہور: پاک چین دوستی کے چرچے پوری دنیا میں مشہور ہیں جس کا ثبوت حال ہی میں اُس وقت دیکھنے کو ملا جب کراچی میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے والے 2 پاکستانی پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کی مالی مدد کرنے کے لیے چینی شہریوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت عطیات جمع کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا۔

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے 23 نومبر کی صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی تھی،جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔

اس واقعے کے بعد چینی شہریوں نے سندھ پولیس کے شہید اہلکاروں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا۔

پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لیجیان ژاؤ نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا، 'چین اور پاکستانی آئرن برادرز ہیں۔ یہ عوام کی عوام سے دوستی ہے۔

حکومتوں کی جانب سے اعزاز کے ساتھ ساتھ چینی شہریوں نے کراچی میں واقع قونصل خانے کی حفاظت کے دوران جانوں کا نذرانہ دینے والے سندھ پولیس کے 2 اہلکاروں اور زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کے اہلخانہ کے لیے عطیات جمع کرنے کا کام شروع کیا ہے۔'

مزیدخبریں