100 دن میں عوام پر جو قیامت گزری اس کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں :مریم اورنگزیب

100 دن میں عوام پر جو قیامت گزری اس کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں :مریم اورنگزیب
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے حکومت کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ100 دن میں عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی ، حکومت نے عوام پر مہنگائی بم گرا کر منہ سے نوالہ چھینا، وزیراعظم قرض لینے کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے،اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے مسلم لیگ ن کے منصوبے اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔


تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے 100 روز تہلکہ خیز اور تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن ہوگا، عوام پر جو قیامت گزری وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی، 100دن میں بولا گیا ہر لفظ جھوٹ اور ہر وعدہ تکمیل سے کوسوں دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی گالم گلوچ، جھوٹ اور تماشوں کی کارکردگی برقرار رہی، 100 تاریخی جھوٹ اور یوٹرن کی نئی قسط سامنے آنے والی ہے، 100روز میں تو صرف علیم خان کی منی لانڈرنگ اور چوری ہی پکڑی گئی یا پھر وزیراعظم کا بنی گالہ میں سرکاری زمین پر قبضہ برقرار رہا ہے،عمران خان یاد رکھیں قوم سب جانتی ہے، لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کیلئے مہنگائی کا بم گرایا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان100دنوں میں قرض لینے کے سوا کوئی معاشی پالیسی نہ دے سکے،اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے مسلم لیگ ن کے منصوبے اپنے کھاتے میں ڈال کر کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ55روپے فی کلو میٹر ہیلی کاپٹر کی سواری ایجاد ہوئی، اب اشتہارات کے ذریعے100روزہ کارکردگی کا تماشہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔