بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا: دفترخارجہ

07:54 PM, 26 Nov, 2016

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سرکاری ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ یہ معاہدہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں جامع طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ عالمی بنک معاہدے کا ضامن ہے اور بھارت یکطرفہ طورپر اس سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہاکہ کسی قسم کی خلاف ورزی پر بھارت کے خلاف بین الاقوامی قانون کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے کیونکہ پانی کے بہائو کے رخ پر موجود ملک کا پانی پرحق ہوتا ہے مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ، عالمی طاقتوں اور خطے کے ممالک کو بھارت کے جارحانہ رویے کانوٹس لیناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کاجارحانہ رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔نفیس زکریا نے کہاکہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے پیچھے بھارت کے مختلف عزائم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کامقصد بھارتی حکومت کودرپیش مقامی اور سیاسی مسائل پر پردہ ڈالنا ہے۔دفترخارجہ کے ترجمان نے کہاکہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس مقصد کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے دہشت گردوں کو مالی مدد فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے۔

مزیدخبریں