نئی دہلی : بھارتی سپریم کورٹ نے دارالحکومت دہلی میں آتش بازی کے سامان کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے پابندی کے علاوہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آتش بازی کے مضر اثرات کا جائزہ لیں۔عدالت نے آتش بازی پر پابندی کا حکم تین نوزائیدہ بچوں کے ایما پر دائر کی گئی درخواست پر دیا۔
اس درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے ان بچوں کے پیپھڑوں کی نشوونما متاثر ہوئی ہے۔اکتوبر میں دیوالی کے موقع پر شہر میں آتش بازی کی بڑی مقدار کے استعمال کی وجہ سے فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔عدالت نے دہلی اور اس کے اطراف میں آتش بازی کا سامان رکھنے، زخیرہ کرنے اور فروخت کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔
عدالت نے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے والے حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ آتش بازی میں استعمال ہونے والے مواد کے نقصان دے اثرات کا جائزہ لیں۔2014 میں عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ میں دہلی کو دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کو بعد میں انڈین حکومت نے رد کر دیا تھا۔