عمان: اقوام ِمتحدہ کا کہنا ہے کہ اردن اور شام کی سرحد پر واقع شام کے ہزاروں بے یارو مددگار پناہ گزین کیمپوں تک امدادی سامان پہنچانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔یہ پناہ گزین شام کی اردن کے ساتھ لگنے والے سرحد کے آس پاس مختلف جگہوں پر رہ رہے ہیں۔
اردن نے رواں برس جون میں اس وقت اپنی سرحد کو شامی پناہ گزینوں کے لیے بند کر دیا تھا جب داعش کے جنگجووں نے اردن کے سات فوجیوں کو مار ڈالا تھا۔تب سے لے کر اب تک اردن نے اپنی سرحد سے شام کی خانہ جنگی سے بدحال اور پریشان ہزاروں پناہ گزینوں تک صرف ایک مرتبہ اگست میں امداد جانے کی اجازت دی تھی۔
منگل کے روز اردن کی جانب سے سرحد پر موجود شامی پناہ گزینوں کی امداد کو کھولنے کا اعلان کیا گیا۔ یہ امداد 85 ہزار افراد تک پہنچے گی جس میں سے نصف تعداد بچوں کی ہے جو اردن اور شام کی سرحد پر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور جن کی رسائی زندگی کی بنیادی ضروریات تک نہیں ہے۔