لاہور:چیئرمین سینیٹ اور قام مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا۔ حکومت میں شامل ہونے کیلئے ن لیگ کےساتھ بات چیت جاری ہے۔
چیئرمین سینیٹ اور قام مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا۔ حکومت میں شامل ہونے کیلئے ن لیگ کےساتھ بات چیت جاری ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ایسا نہیں کہ پیپلزپارٹی حکومت کی پیٹھ میں چھرا گھونپے گی۔ان کاکہنا تھا کہ کوئی بل یا قانون پیپلزپارٹی کےبغیر پاس نہیں ہوسکتا۔ ان کاکہنا تھا کہ پنجاب میں ہمارے پاس اسپیس کم ہے۔بجٹ عوام اور کسان دوست ہونا چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب ان کی حکومت تھی تو انہوں نے گندم کی سپورٹ پرائس بڑھائی تھی، ہم نے گندم بین الاقوامی قیمت پر کسانوں کو دی تھی، اس وقت دو سیلاب آئے تھے، اس کے باوجود ہماری حکومت نے بہترین کارکردگی دکھائی، ہماری کپاس، چینی، گندم اور چاول برآمد ہوتے تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اب جو مسئلہ درپیش آیا ہے کہ گندم پر مڈل مین فائدہ اٹھا رہا ہے، اس حوالے سے انکوائری جاری ہے، انکوائری رپورٹ جب آئے گی تو میڈیا سے شیئر کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب سے مذاکرات کے حق میں ہیں، ہم سب سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی آئی کس سے مذاکرات کرتی ہے۔