بھارت میں عام انتخابات کے چھٹے مرحلے میں ووٹنگ مکمل

09:07 AM, 26 May, 2024

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی:بھارت میں لوک سبھا انتخابات کا چھٹا مرحلہ مکمل ہوگیا۔بھارت کے عام انتخابات کے چھٹے مرحلے میں ہفتے کو 6 ریاستوں اور وفاق کے زیرِ انتظام 2 علاقوں میں مجموعی طور پر 58 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔دارالحکومت نئی دلی، بہار، اترپردیش، مغربی بنگال، ہریانہ، جھارکھنڈ، اڑیسہ اور جموں و کشمیر میں ہونے والی پولنگ میں  ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 59.06 فیصد رہا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی جماعت عام آدمی پارٹی اور مودی کی حکمران جماعت بی جے پی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے بھی نئی دلی میں ووٹ ڈالا۔مقبوضہ کشمیر کے 2 اضلاع اسلام آباد اور راجوڑی میں بھی نام نہاد انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔

اپنی جماعت پی ڈی پی کے کارکنوں اور پولنگ ایجنٹوں کو حراست میں لینے پر سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے احتجاجی دھرنا دیا۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں انتخابات کو ڈھونگ قرار دیا ہے، حریت کانفرنس کا کہنا ہے مودی حکومت فوجی قبضے کو برقرار رکھنے اور غیر قانونی اقدامات کے جواز کے لیے مقبوضہ علاقے میں انتخابات کا ڈرامہ رچا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 6 مرحلے پورے ہونے پر لوک سبھا کی 543 میں سے 486 نشستوں کے لیے ووٹنگ مکمل ہو گئی۔

6 مرحلے مکمل ہونے کے بعد آخری مرحلہ یکم جون ہو گا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہو گی ،نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔

مزیدخبریں