کراچی :ایک طرف پورے ملک میں جہاں نئے انتخابات کا شور شرابا ہے وہیں سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلہ سنا دیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا،عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ اعتراضات پر دوبارہ غور کرکے حل نکالا جائے اور تمام معاملات کو 10 جون تک ٹھیک کیا جائے۔
حلقہ بندیوں، ووٹوں کے غلط اندراج پر دائر 38 مختلف پٹیشنز پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار اور جسٹس ذوالفقار پر مشتمل ڈبل بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ صوبے میں دو مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرنے کا اعلان کیا تھا پہلے مرحلے میں سندھ کے 14 اضلاع میں آئندہ ماہ 26 جون کو الیکشن کا انعقاد ہونا ہے جن اضلاع میں پہلے مرحلے میں الیکشن ہونے ہیں ان میں جیکب آباد، کشمور، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ اور تھرپارکر اضلاع شامل ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ ڈویژن میں 24 جولائی کو الیکشن ہونے ہیں۔