لاہور:ملک کی بنتی بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان کے دوبڑے سلامتی کے ضامن اداروں عدلیہ اور فوج کو مل بیٹھ کر ان مسائل کا حل نکالنے کا مطالبہ کر دیا ۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ حکومتی طاقتیں اور سیاسی جماعتیں جس طرف جا رہی ہیں اس سے ملک میں افراتفری اور لاقانونیت بڑھے گی، پاکستان کے معاشی حالات انتہائی سنگین ہو گئے ہیں، بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی کا جینا تو پہلے ہی مشکل ہے، یہ نہ ہو خدانخواستہ مرنا بھی مشکل ہو جائے۔
انہوں نے ملک کی کشیدہ صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اندر جو موجودہ حالات ہیں اس طرح کے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے، ایسی سنگین صورتحال میں ملک کے دونوں بڑوں اداروں کو آگے بڑھ کر حالات بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔