اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان چھ دن بعد 6 لاکھ آدمی لے آئیں، میں ان کے مطالبے کی حمایت کر دوں گا، نئے انتخابات کا فیصلہ اتحادی جماعتیں کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کے اعلان کیلئے 6 روز کی مہلت دینے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات کا فیصلہ کریں گی، عمران خان الیکشن ہار گیا تو پھر کہے گا کہ دوبارہ الیکشن کراؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان حکومت کے وسائل استعمال کر کے اسلام آباد آئے۔ ساری رات میں نے خود سیکیورٹی حالات کی مانیٹرنگ کی ہے، عوام نے فسادی اور فتنہ جتھے کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا آج صبح سپریم کورٹ، آئین اورریاست کی رٹ یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ فتنہ پرور ٹولے کو اسلام آباد سے نکال کر شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
عمران نیازی سپریم کورٹ سے غلط بیانی کر کے طے شدہ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت لے کر اسلام آاد میں داخل ہوئے اور پھر ڈی چوک جانے کا اعلان کر کے وعدہ خلاف کی، اور ساری رات کنٹینر سے توہین عدالت کا اعلان کرتے رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فسادی جتھہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں ساری رات جلاؤ گھیراؤ کرتا رہا اور عوام نے سب دیکھا کہ کس طرح میٹرو بس سٹیشن جلائے گئے اور درختوں کو آگ لگائی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے ایک ربڑ بلٹ نہیں چلائی بلکہ یہ جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا ہے، لانگ مارچ کے دوران رینجرز اورپولیس کے 18 اہلکار شدید زخمی ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس اوررینجرز کے ہرجوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ جناح ایونیو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کے اعلان کیلئے 6 روز کی مہلت دی۔
عمران خان نے حکومت کو 6 روز کی مہلت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس دوران اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آؤں گا۔