وزیراعظم کا مصر کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، فلسطین کی صورتحال پر گفتگو

11:22 PM, 26 May, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کرکے فلسطین کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی اور سیز فائر کرانے پر ان کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان نے تنازعے کے حل کیلئے مصری قیادت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے فلسطینی خواتین، بچوں اور نہتے شہریوں پر اسرائیل کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا مسجد اقصیٰ پر ماہ مقدس میں ہونے والے واقعات افسوسناک ہیں۔

عمران خان نے دوران گفتگو امت مسلمہ کی یکجہتی اور او آئی سی کے ذریعے فلسطینی عوام کے حقوق کو تحفظ دلوانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ہر سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یروشلم سمیت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کا انخلا کیا جائے۔ فلسطینیوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل کے مطابق 1967ء کے بارڈرز اور القدس الشریف کو فلسطین کا دارالخلافہ ہونا چاہیے۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے آپسی رابطے تیز کرنے جبکہ سیاسی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں