شیخ رشید مثبت سوچ کے ساتھ مدد کریں تو یہ اچھی بات ہے: ناصر حسین شاہ

09:45 PM, 26 May, 2021

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید مثبت سوچ کے ساتھ مدد کریں تو یہ اچھی بات ہے، سندھ میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت اگر مثبت مدد کرے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، سندھ پولیس امن و امان کے قیام کیلئے بہتر کام کررہی ہے اور امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے سندھ پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں، وفاقی وزیر داخلہ مثبت سوچ کے ساتھ صوبائی حکومت کی مدد کریں تو یہ اچھی بات ہے اور ہمیں اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی کراچی آمد سے ہی اظہار لاعلمی کر دیا اور کہا کہ انہیں آنا ہے تو ضرور آئیں، کچے کے علاقے میں بھی آئیں۔ 
شکار پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں یا سندھ حکومت کے حکام میں سے کسی کو اس سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، شیخ رشید کو آنا ہے تو ضرور آئیں کچے کے علاقے میں بھی آئیں، پولیس کی مدد سے پہلے بھی علاقے میں امن قائم کیا تھا، اب بھی کریں گے، اگر ضرورت پڑی تو دیگر اداروں کی مدد بھی لیں گے۔
دوسری جانب سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ امن و امان کی آڑ میں سندھ کے معاملات میں مداخلت غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، حالیہ دنوں میں پنجاب میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرے نے سارا صوبہ جام کر دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے معاملے میں وفاقی حکومت خاموش رہی، جو دہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے، کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 وزراءکا وفاق اورصوبہ تناؤ بڑھانے میں ذاتی مفاد ہے۔

مزیدخبریں